شہباز شریف 24

عازمینِ حج کی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے: وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عازمینِ حج کی خدمت و سہولتوں میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیرِاعظم شہباز شریف کو رواں برس جاری حج آپریشن کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔شہباز شریف نے کہا کہ عازمین حج اللّٰہ تعالیٰ کے مہمان ہیں، سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن کی جانب سے ان کی خدمت اور سہولتوں میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ عازمین حج کو ایئر پورٹ پر تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔بعدازاں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی نے ملاقات.کی، جس میں سیاسی امور اور جنوبی پنجاب کے حوالے سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔

عبدالقادر گیلانی نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں