اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد کو بارودی مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے۔اپنے صدرِ مملکت نے مساجد میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بارودی مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابی کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ مساجد کو بارودی مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مقدس مقامات کی بے حرمتی اور انہیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا قابلِ مذمت ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ افغان طالبان کی معاونت سے سرگرم دہشت گرد عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، مذہب کی من پسند تشریح اور ناجائز استعمال ناقابلِ قبول ہے۔صدرِ مملکت نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی دہشت گردانہ کارروائیاں اور مساجد کی بے حرمتی ان کے اسلام دشمن عزائم کا واضح ثبوت ہیں۔









