شہباز شریف 16

صدر ، وزیراعظم کا چین میں تباہ کن سیلاب اور شدید بارشوں سے ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نے نے چین میں تباہ کن سیلاب اور شدید بارشوں سے ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ چین میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور شدید بارشوں سے ہمارے چینی بھائیوں اور بہنوں کو پہنچنے والے نقصان پر گہرا دکھ اور افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار اور اس مشکل وقت میں چین کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہماری آہنی دوستی ہمیشہ مضبوط اور قائم رہے گی۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے مختلف علاقوں میں تباہ کن طوفان،شدید بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین کے گوانگ شی ژوانگ خودمختار علاقے اور ہوبے اور گانسو صوبوں میں حالیہ تباہ کن طوفان، بگولوں، مٹی کے تودے گرنے اور شدید بارشوں سے ہونے والے قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کے عوام اور اپنی طرف سے صدر شی جن پنگ، چین کی حکومت، عوام اور بالخصوص سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم اپنے چینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی اور امدادی و ریسکیو کارروائیوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں