شرجیل انعام میمن 8

شہدا قوم کا فخر، قربانیوں کو معمولی قرار دینا افسوسناک ہے، شرجیل میمن

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازی پوری قوم کا فخر ہیں، جبکہ ان کی قربانیوں کو معمولی قرار دینا افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، جبکہ شہدا کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو نظر انداز کرنا یا ان پر غیر ذمہ دارانہ تبصرے کرنا مناسب نہیں۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں اختلافِ رائے ہر شہری کا حق ہے، تاہم شہدا کے خلاف ہرزہ سرائی قومی یکجہتی اور قومی مفاد کے منافی ہے۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات کو قومی سلامتی اور وطن کے دفاع سے وابستہ اداروں کے احترام سے الگ رکھا جانا چاہیے، انہوں نے سیاسی اور سماجی حلقوں پر زور دیا کہ وہ ایسی زبان کے استعمال سے گریز کریں جس سے قومی اداروں یا شہدا کے لواحقین کے جذبات مجروح ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں