کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے 5 جولائی 1977 کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز عوام کے حقِ حکمرانی پر شب خون مارا گیا، جس کے اثرات ملکی سیاست، معاشرے اور قومی ترقی پر طویل عرصے تک مرتب ہوئے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 5 جولائی کا غیر جمہوری اقدام جمہوری اداروں، آئین اور عوامی مینڈیٹ کے خلاف تھا۔ آج کا دن آئینی بالادستی، جمہوری تسلسل اور عوام کے حقِ رائے دہی کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے لیے تاریخی جدوجہد کی، جبکہ ان کی سیاسی قربانیاں پاکستان میں جمہوری اقدار کے فروغ کا روشن باب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے تلخ اسباق ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ قومی استحکام اور ترقی کا راستہ صرف جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی سے ہو کر گزرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کی علمبردار رہی ہے اور پارٹی کے قائدین و کارکنوں نے جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔سینئر وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کے مطابق، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی خدمت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔









