طارق فضل چوہدری 9

کارگل معرکے کے بہادر ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ قوم کے عظیم سپوت، کارگل معرکے کے بہادر ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کے 27ویں یومِ شہادت پر پوری قوم انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بے مثال جرات، غیر متزلزل عزم اور مادرِ وطن سے لازوال محبت ہماری عسکری تاریخ کا ایک روشن اور قابلِ فخر باب ہے۔ انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور ثابت کیا کہ وطن کی حفاظت سے بڑھ کر کوئی فریضہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی، وقار اور خود مختاری کی مضبوط بنیاد ہیں، ان عظیم سپوتوں کا لہو قوم کے لیے حوصلے، اتحاد اور قربانی کا پیغام ہے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور وطن عزیز کے دفاع و ترقی کے لیے ہمیشہ یکجا اور پُرعزم رہے گی۔کیپٹن کرنل شیر خان شہید آپ کی بہادری کو سلام، قوم کو آپ پر ہمیشہ فخر رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں