شیری رحمان 11

5 جولائی کو آئین، پارلیمان اور عوامی مینڈیٹ کو شدید نقصان پہنچایا گیا، شیریں رحمان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیریں رحمان نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 ملکی تاریخ کا ایسا المناک باب ہے جس نے آئین، پارلیمان اور عوامی مینڈیٹ کو شدید نقصان پہنچایا، جبکہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر عوامی اختیار اور آئینی نظام پر کاری ضرب لگائی گئی۔

یومِ سیاہ 5 جولائی کے موقع پر اپنے پیغام میں شیریں رحمان نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف کیا گیا غیر آئینی اقدام دراصل عوام کے حقِ رائے دہی اور جمہوری مستقبل پر حملہ تھا۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قائدِ عوام کے مشن کو ہر مشکل حالات میں ثابت قدمی سے آگے بڑھایا۔ انہوں نے پوری زندگی جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد کی، جیلیں کاٹیں اور ہر آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔شیریں رحمان نے کہا کہ قائدِ عوام کے جمہوری وژن اور عوامی سیاست کو دبانے کی ہر کوشش ناکام ہوئی، جبکہ ان کے نظریات آج بھی عوام کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے لیے پارٹی کارکنوں نے قید، تشدد اور سختیاں برداشت کیں، مگر اپنے نظریے سے کبھی دستبردار نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور جمہوریت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ آئین کا احترام، جمہوری اقدار کا فروغ اور عوامی مینڈیٹ کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔شیریں رحمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم کو ماضی کی غیر آئینی مداخلتوں سے سبق سیکھتے ہوئے جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے فیصلے کا ہر قیمت پر دفاع کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں