سید ناصر حسین شاہ 9

وزیر بلدیات سندھ کا یومِ سیاہ پر بیان، جمہوریت کو قومی استحکام کی ضمانت قرار دے دیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جس نے ملک کے جمہوری سفر اور قومی اداروں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 5 جولائی آئین اور عوامی مینڈیٹ پر حملے کی یاد دلاتا ہے، جبکہ جمہوریت ہی پاکستان کے روشن مستقبل، قومی استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آئین کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا، عوام کے ووٹ کا احترام ہی حقیقی جمہوریت کی روح ہے اور پاکستان کی ترقی صرف جمہوری تسلسل سے ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کے لیے لازوال قربانی دی جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف تاریخی جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے کھڑی رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو ماضی کی تلخ تاریخ سے سبق سیکھنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلیں آمریت کے نقصانات سے آگاہ رہیں اور آئین شکنی جیسے اقدامات دوبارہ نہ دہرائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں