کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے، جب آمریت کے سائے تلے عوام کے جمہوری خواب روند دیے گئے اور قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں قائم ملک کی پہلی منتخب حکومت کو غیر آئینی طور پر برطرف کر دیا گیا۔
بلاول ہائوس میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سانحہ 5 جولائی کے 49 برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں فریال تالپور نے کہا کہ 5 جولائی کا اقدام آئین، عوام کی خودمختار رائے، جمہوری اداروں اور ایک ترقی پسند، مساوات پر مبنی پاکستان کے تصور پر حملہ تھا۔انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ عوام کی شہادت انہیں ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت، حوصلے اور وقار کی لازوال علامت بنا گئی، جبکہ ان کا نظریہ آج بھی پاکستان کے جمہوری سفر کی رہنمائی کر رہا ہے۔
فریال تالپور نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آمریت کے تاریک ترین دور میں جمہوریت کی شمع دوبارہ روشن کی۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوری اتفاقِ رائے کے ذریعے آئین کو اس کی اصل روح کے مطابق بحال کرکے پارٹی کے جمہوری مشن کو آگے بڑھایا اور ثابت کیا کہ قومی استحکام اور ترقی کا واحد راستہ آئین، مکالمہ اور جمہوری عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئین کی بالادستی، جمہوری تسلسل، سماجی انصاف، وفاقی ہم آہنگی اور عوامی حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔
فریال تالپور نے کہا کہ 5 جولائی کا سیاہ دن اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ عوام کے جمہوری حق پر شب خون مارنے سے قومیں مضبوط نہیں ہوتیں بلکہ ناانصافی اور بے یقینی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست ہمیشہ عوامی مینڈیٹ، ووٹ کی طاقت اور جمہوری اقدار کے احترام پر مبنی رہی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام آئندہ انتخابات میں جمہوری اقدار کو مزید مضبوط کریں گے اور اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
فریال تالپور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔









