اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان علماء کونسل، انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل اور ان کی حلیف دینی جماعتوں نے مملکت سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے سمیت شہری آبادی اور اہم تنصیبات پر حوثی دہشت گردوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں کھلی دہشت گردی، بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بے گناہ شہریوں، مسافروں، ہوائی اڈوں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور مملکت سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو مکمل یکجہتی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ارضِ حرمین شریفین کی سلامتی، خودمختاری، استحکام اور دفاع کے لیے پاکستان کے علمائ و مشائخ اور عوام سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، عرب لیگ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ حوثی دہشت گردوں کے حملوں کو فوری طور پر رکوانے، بے گناہ شہریوں کے تحفظ اور ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے حکومت پاکستان کی جانب سے ان حملوں کی مذمت اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے عزم کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ مملکت سعودی عرب کو اپنی سرزمین، شہریوں اور اہم تنصیبات کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔انہوں نے یمن کے مظلوم عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور بے گناہ انسانی جانوں کا تحفظ ناگزیر ہے۔









