کارڈف(رپورٹنگ آن لائن)گلیمورگن اور مڈل سیکس کے سابق فاسٹ بولر جیمز ہیرس نے 2026 کے سیزن کے آغاز سے عین قبل پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 35 سالہ جیمز ہیرس نے اپنے کیریئر کا آغاز اور اختتام گلیمورگن کاؤنٹی سے کیا، جہاں انہوں نے محض 16 سال کی عمر میں ڈیبیو کیا تھا۔ وہ کاؤنٹی چیمپئن شپ کے ایک میچ میں 10 وکٹیں لینے والے دنیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی رہے ہیں۔
جیمز ہیرس نے اپنے طویل کیریئر کے دوران تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 772 وکٹیں حاصل کیں، جن میں فرسٹ کلاس کرکٹ کی 623 وکٹیں بھی شامل ہیں۔ وہ پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ہیرس کا کہنا تھا کہ کرکٹ نے ان کی زندگی کو سنوارا ہے اور وہ اس طویل سفر پر خود کو خوش قسمت تصور کرتے ہیں۔
گلیمورگن کے ڈائریکٹر کرکٹ مارک والیس نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جیمز ہیرس ایک بہترین رول ماڈل رہے ہیں اور میدان کے اندر اور باہر ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کلب جیمز ہیرس کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی سوفیا گارڈنز میں خوش آمدید کہے جائیں گے۔









