ڈاکٹر عشرت العباد خان 20

دیہی سندھ اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کے باوجود بنیادی سہولتوں سے محروم ہے، ڈاکٹر عشرت العباد خان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سابق گورنر سندھ اور میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ دیہی سندھ آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے، اربوں روپے کے ترقیاتی اور فلاحی فنڈز خرچ ہونے کے باوجود عوام کی زندگیوں میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی۔ گورکھ ہل جیسے اہم منصوبے آج تک مکمل طور پر فعال نہیں ہوسکے، جبکہ دادو، خیرپور ناتھن شاہ، جوہی اور میہڑ کی صورتحال حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ترقیاتی فنڈز کے استعمال کا شفاف آڈٹ اور عوام کو ان کے نتائج سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ محض اعلانات، افتتاحی تختیوں اور کاغذی منصوبوں سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ متعلقہ علاقوں میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے متعدد نمائندے موجود ہونے کے باوجود عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی ایچ پی سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص اربوں روپے کے فنڈز کے استعمال اور نتائج کا غیر جانب دارانہ آڈٹ کرایا جائے، جبکہ لاڑکانہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سیہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور مالی معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت تمام سرکاری اداروں میں افسران کی تعیناتی میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر ہونی چاہیے، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔انہوں نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کو عوامی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد لسانی یا نسلی تقسیم نہیں بلکہ بہتر انتظامی ڈھانچہ، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتوں کی فراہمی ہے۔

اس معاملے پر شفاف ریفرنڈم یا آئینی طریقہ کار کے ذریعے عوامی رائے معلوم کی جانی چاہیے تاکہ عوام کی خواہشات کے مطابق فیصلہ کیا جاسکے۔سابق گورنر سندھ نے کوہسار میڈیکل کالج حیدرآباد اور لینڈھی میڈیکل کالج 36ـB کے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے سندھ کے نوجوانوں کو طبی تعلیم کے بہتر مواقع میسر آسکتے ہیں۔ حکومت منصوبوں کی موجودہ صورتحال، مختص فنڈز اور تکمیل کی حتمی مدت عوام کے سامنے لائے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ گورنر ہاؤس کو عوامی خدمت، نوجوانوں کی رہنمائی، تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا مرکز ہونا چاہیے۔ انہوں نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے عوامی رابطوں اور نوجوانوں کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ملک کی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں عوامی مسائل کے بجائے اقتدار کی سیاست میں مصروف دکھائی دیتی ہیں، جبکہ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سیاسی بیانات کے بجائے عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کرنی چاہیے اور بتانا چاہیے کہ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے کیا عملی اقدامات کیے ہیں۔ میری پہچان پاکستان عوامی مسائل، شہری سہولتوں، انتظامی اصلاحات اور سندھ کے محروم علاقوں کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مزید کہا کہ ملک کے تمام علاقوں کو مساوی ترقی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور بااختیار انتظامی ڈھانچہ فراہم کرنا ہوگا، کیونکہ عوامی اعتماد ہی مضبوط ریاست اور مستحکم جمہوریت کی بنیاد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں