طلال چوہدری 13

حکومت اسلام آباد کو عالمی معیار کے جدید دارالحکومت میں تبدیل کرنے کیلئے پرعزم ہے،طلال چوہدری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اسلام آباد کو ایک جدید، پائیدار اور عالمی معیار کے دارالحکومت میں تبدیل کرنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے، پانی کی فراہمی، ویسٹ مینجمنٹ، ٹریفک کی روانی، سکیورٹی، ہوٹلنگ اور شہری سہولیات سے متعلق دیرینہ مسائل کے حل کے لیے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام جاری ہے جو آئندہ 40 سے 50 برسوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیئے گئے ہیں۔

وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت ہونے کے باوجود اسلام آباد میں کئی ایسی بنیادی شہری سہولیات اور ادارے موجود نہیں جو دنیا کے جدید شہروں کا حصہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافے کے باعث پانی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹریفک ریگولیشن اور اربن پلاننگ کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے جن کے حل کے لیے حکومت نے تقریبا پندرہ بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے جبکہ شہر کی ترقی میں حائل پچیس سے زائد اہم رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیر مملکت نے بتایا کہ سیف سٹی منصوبے پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جسے مستقبل میں ملک کے اولین سمارٹ سٹی سسٹمز میں تبدیل کیا جائے گا،

یہ نظام سکیورٹی، عوامی خدمات اور شہری نظم و نسق کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے یکجا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل کی آبی ضروریات پوری کرنے کے لیے نئے ڈیمز کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جبکہ جدید ویسٹ مینجمنٹ سسٹمز، بہتر بلدیاتی خدمات اور بڑھتی ہوئی کاروباری و سفارتی سرگرمیوں کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے بھی جامع اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔طلال چوہدری نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں عالمی معیار کا جدید کنونشن سینٹر اور ایکسپو سینٹر قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس سے کاروباری برادری کو بین الاقوامی نمائشوں اور کانفرنسوں کے انعقاد کے لیے جدید سہولیات میسر آئیں گی اور دیگر شہروں پر انحصار کم ہوگا۔اس موقع پر استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری کی نمائندہ تنظیم ہونے کے ناطے آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت کے انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کے تمام مثبت اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے جدید شہری سہولیات، موثر بلدیاتی نظام اور کاروبار دوست ماحول ناگزیر ہیں۔سردار طاہر محمود نے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کو درپیش مسائل خصوصا ملٹی سٹوری بلڈنگز کے لیے غیر معمولی ایف اے آر چارجز اور بعض ریگولیٹری رکاوٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وفاقی بجٹ میں اس شعبے کے لیے کئی مثبت اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاہم ان کے حقیقی ثمرات اس وقت سامنے آئیں گے جب متعلقہ ادارے وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق اس سیکٹر کو سپورٹ کریں گے اور ایسی پالیسیاں ترتیب دیں گے جو سرمایہ کاری، تعمیراتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافے کا باعث بنیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد چیمبر حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھتے ہوئے کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور وفاقی دارالحکومت میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں