رب نواز 44

حجرہ شاہ مقیم کے رہائشی ایگزیکٹو انجینئر لیسکو مریدکے رب نواز نامعلوم شوٹرز کی فائرنگ سے جاں بحق، آبائی گاؤں پھلرون وزیر کے میں سپرد خاک کر دیا گیا

اوکاڑہ ( شیر محمد)ایگزیکٹو انجینئر لیسکو ڈویژن مریدکے رب نواز کو گزشتہ روز نامعلوم شوٹرز نے فائرنگ کر کے اسوقت قتل کر دیا جب وہ اپنے ڈویثرن دفتر مرید کے سے محکمانہ امور نمٹا کر اور اپنی سالگرہ کا کیک سٹاف کے ہمراہ کاٹ کر گھر لوٹ رہے تھے واقعہ کے بعد مقتول کی لاش کو مقامی پولیس نے ضروری قانونی کاروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا .

جس کے بعد میت کو ان کے آبائی گاؤں موضع پھلرون وزیر کے( حجرہ شاہ مقیم ) میں منتقل کیا گیا مرحوم انجینئر رب نواز کی نمازِ جنازہ میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر فضاء سوگوار رہی جبکہ ہر آنکھ اشکبار اور مرحوم کے اہل خانہ غم سے نڈھال دکھائی دیے نمازِ جنازہ میں واپڈا اور لیسکو کے اعلیٰ حکام، افسران و اہلکاروں کے علاوہ علاقے کے معززین، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری، عمائدین علاقہ اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی شرکاء نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی بعدازاں انجینئر رب نواز کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں ان کے آبائی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا مرحوم کی اچانک اور المناک موت پر اہل علاقہ، محکمہ واپڈا و لیسکو کے افسران و ملازمین اور ان سے وابستہ افراد نے افسوس کا اظہار کیا.

مرحوم کے انتقال کی خبر سے محکمہ لیسکو اور ان کے حلقہ احباب میں بھی غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی شرکاء نے مرحوم کی محکمانہ خدمات اور خوش اخلاقی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا دوسری جانب نامعلوم شوٹرز کی جانب سے لیسکو کے ایگزیکٹو انجینئر رب نواز کو فائرنگ کرکے قتل کیے جانے کے واقعہ نے مختلف حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے واقعے کے محرکات اور ذمہ داران کے حوالے سے مزید تفصیلات متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے مرحوم کے لواحقین اور اہل علاقہ نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور مقتول کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائےـ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں