لندن (رپورٹنگ آن لائن) انگلینڈ کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔
دی ہنڈریڈ میں مانچسٹر سپر جائنٹس اور لندن اسپرٹ کے درمیان لارڈز میں کھیلے گئے میچ کے دوران بٹلر نے صرف 16 رنز کی اننگز کھیلنے کے باوجود ٹی ٹوئنٹی کیریئر 14 ہزار 572 رنز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔
کرس گیل اب 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اب بھی ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کے پاس ہے جنہوں نے 14 ہزار 803 رنز بنا رکھے ہیں۔
بٹلر اب اس سنگ میل سے صرف 231 رنز دور ہیں اور رواں سیزن میں یہ اعزاز اپنے نام کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 35 سالہ بٹلر بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔









