احسن اقبال 16

تعلیمی اداروں و صنعت کے درمیان روابط سے جدت، تحقیق اور ٹیکنالوجی کا فروغ یقینی بنانا ہوگا، احسن اقبال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی جامعات کو ملک کی معاشی ترقی کا انجن بننا ہوگا، تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط قائم کرکے جدت، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ میڈ ان پاکستان دنیا بھر میں معیار کی علامت بن سکے۔

نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے ماسٹرز کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے گریجویٹس، اساتذہ اور بالخصوص والدین کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ 1990 کی دہائی میں جب وہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی حیثیت سے نسٹ کے اسلام آباد کیمپس کی منظوری کے مرحلے سے وابستہ تھے تو ان کا پختہ یقین تھا کہ پاکستان کو عالمی معیار کی ایک ایسی یونیورسٹی کی ضرورت ہے جو جدید تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرسکے، آج نسٹ کی کامیابیاں اس وژن اور فیصلے کی عملی تعبیر ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے وقت ملک کے پاس بنیادی وسائل اور صنعتی صلاحیت بھی محدود تھی حتی کہ سائیکل بنانے کی صلاحیت بھی موجود نہیں تھی، تاہم قوم کے عزم، محنت اور مسلسل جدوجہد نے پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت اور جے ایف 17 تھنڈر جیسے جدید لڑاکا طیارے تیار کرنے والا ملک بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں قومی طاقت کا حقیقی پیمانہ صرف اسلحے کے ذخائر نہیں بلکہ جامعات کی لیبارٹریوں میں ہونے والی تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت بھی ہے، علم پر مبنی معیشت ہی وہ بنیاد ہے جس کے ذریعے پاکستان عالمی سطح پر اپنا مقام مزید مستحکم کرسکتا ہے۔پروفیسر احسن اقبال نے زور دیا کہ نسٹ سمیت ملک بھر کی جامعات کو روایتی تدریسی سرگرمیوں سے آگے بڑھ کر تحقیق، اختراع اور صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیم پر توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط اشتراک سے ایسی مصنوعات اور ٹیکنالوجیز تیار کی جاسکتی ہیں جو ملکی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ عالمی منڈیوں میں بھی مسابقت کی صلاحیت رکھتی ہوں۔ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری اور پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کی علمی صلاحیتوں کو عملی نتائج میں تبدیل کیا جائے، جامعات، صنعت اور تحقیقاتی اداروں کے درمیان مثر تعاون سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ، نئی منڈیوں تک رسائی اور اعلی معیار کی برآمدات کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔

وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آج کے گریجویٹس پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کریں گے اور علم، مہارت اور جدت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2047 تک تین ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف نوجوانوں کی صلاحیتوں، جدید تعلیم، سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ سے وابستہ ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے جامعات کو قومی ترقی کے عمل میں مثر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان ایک مضبوط، جدید اور علم پر مبنی معیشت کے طور پر ابھر سکے۔
٭٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں