کراچی (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم کا اظہار ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ فتن? الہندوستان اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ ملک میں پائیدار امن اور قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔









