جیمز اینڈرسن 13

بابر اعظم پسندیدہ پاکستانی کرکٹر ہیں،جیمز اینڈرسن

لندن (رپورٹنگ آن لائن)انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دیدیا۔جیمز اینڈرسن نے یہ بات کرکٹ سے متعلق حالیہ ویڈیو میں کیا ہے، جس میں انہوں نے مختلف ممالک کے اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے نام بتائے ہیں۔اینڈرسن نے آسٹریلیا سے شین وارن، انگلینڈ سے جو روٹ، بھارت سے ویرات کوہلی، نیوزی لینڈ سے ٹم ساتھی، جنوبی افریقا سے اے بی ڈی ویلیئرز اور سری لنکا سے سنتھ جے سوریا کو منتخب کیا ہے۔

44 سالہ جیمز اینڈرسن انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، انہوں نے مارچ 2024 میں 700 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کیں اور جولائی 2024 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز میں اپنا 188واں اور آخری ٹیسٹ کھیلنے کے بعد انگلینڈ کی نمائندگی ختم کر دی تھی۔ وہ لنکاشائر کی جانب سے کھیلتے رہے اور 2026 میں کانٹی کی ریڈ بال ٹیم کی قیادت بھی کی، رواں سیزن میں انہوں نے 17.68 کی اوسط سے 50 وکٹیں حاصل کیں، تاہم لنکاشائر ڈویژن ٹو میں 8 ٹیموں میں ساتویں نمبر پر رہی۔25 اکتوبر کو لنکاشائر نے تصدیق کی کہ وہ 2027 کیلئے اینڈرسن کو نیا معاہدہ پیش نہیں کرے گی، جس کے بعد کانٹی کے ساتھ ان کا 25 سالہ تعلق ختم ہو گیا، اینڈرسن نے اس علیحدگی کو اپنی خواہش کے برعکس اختتام قرار دیا، تاہم انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا۔

دوسری جانب بابر اعظم ان دنوں خراب فارم سے گزر رہے ہیں، انہوں نے پاکستان کی حالیہ سہ ملکی سیریز کے 4 میچز میں 118 رنز بنائے جبکہ سری لنکا کے خلاف فائنل میں وہ صفر پر آئوٹ ہو گئے۔بابر اعظم نے نومبر 2025 میں سری لنکا کے خلاف اپنی 20 ویں ون ڈے سنچری اسکور کی تھی، جس کے بعد سے وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔رواں سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے 5 اننگز میں 91 رنز بنائے۔سابق پاکستانی بلے باز محمد یوسف نے بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی تکنیکی خامیوں کو دور کرنے کیلئے انگلینڈ یا آسٹریلیا میں خصوصی کوچنگ حاصل کریں۔بابر اعظم نے 6 نومبر کو قائدِاعظم ٹرافی میں لاہور وائٹس کی جانب سے 42 رنز بنائے تھے، تاہم آئوٹ ہونے کے بعد انہوں نے غصے میں اپنا بلا پچ پر مارا تھا۔البتہ رواں سال بابر اعظم کی کارکردگی ہر موقع پر مایوس کن نہیں رہی، وہ پاکستان سپر لیگ 2026 میں 588 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں