سردار سلیم حیدر 10

اہلِ بیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، حضرت امام حسین کی قربانی چراغِ ہدایت ہے’گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ اہل بیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے،حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی چراغِ ہدایت ہے،واقعہ کربلا ایثار و قربانی اور یکجہتی کا درس دیتا ہے،حق کی بقا،اسلام کی سربلندی اور بالا دستی قدرت کا اٹل فیصلہ ہے،علمائے کرام محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار اداکریں۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے آبائی گھر ڈھرنال میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ مجلس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنرپنجاب نے مجلس کی سکیورٹی اور انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں حق کے لیے جان دے دی۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا نے انسانیت کو ظالمانہ نظام کے خاتمے اور ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ اور حق نوائی کا بے مثال درس دیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حضرت امام علیہ السلام نے یزیدیت کوللکارا تاکہ آنے والی نسلیں حق اور باطل میں فرق کرسکیں۔اُنہوں نے کہا کہ کربلا میں حق اور باطل کا مقابلہ ہوااورابدی فتح حضرت امام حسین علیہ السلام کو حاصل ہوئی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام محسنِ انسانیت ہیں۔

اُنہوں مزید کہا کہ اسلام ہمیں بھائی چارے اور محبت کا درس دیتاہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کو چاہیئے کہ وہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار اداکریں۔گورنرپنجاب کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی مجلس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں