ہمایوں اختر خان 18

اپنا کسان بینک کے اعلان کا خیرمقدم ،حکومتی سرپرستی میں گودام بھی تعمیر کئے جائیں، ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کسانوں کو مالی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اپنا کسان بینک کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ اس منصوبے کو وسعت دے کر حکومتی سرپرستی میں گوداموں کی تعمیر بھی کی جائے تاکہ کسان اچھی قیمت ملنے تک اپنی فصلیں محفوظ رکھ کر مڈل مین کے استحصال سے بچ سکیں ،کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے زرعی اخراجات پورے کرنے اور فصلوں کی بہتر پیداوار کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ہمایوں اختر خان نے حلقہ این اے 97 کے دورے کے دوران علاقہ عمائدین، کسانوں، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیں اور مقامی مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر کسانوں کو درپیش مالی مشکلات، زرعی مداخل کی بڑھتی قیمتوں، آبپاشی، فصلوں کی مناسب قیمت اور اجناس کو ذخیرہ کرنے کی سہولتوں پر گفتگو کی گئی۔ حلقے کے عوام کو صاف پانی، سیوریج، رابطہ سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے امور بھی زیر بحث آئے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم نے انتخابات سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ یہاں کی عوام سے اپنا تعلق مضبوط رکھیں گے ، ہم نے اپنے وعدے پر پہرہ دیا ہے اور ان شا اللہ ہر آنے والے دن یہ تعلق مزید مضبوط ہوگا۔ حلقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر آواز اٹھارہے ہیں ،

سیاسی مخالفین ہمارے عزم سے حواس باختہ ہو کر منفی پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں لیکن عوام انہیں یکسر مسترد کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ عوام دہائیوں سے سبز باغ دکھا نے والوں کے چہروں سے آشنا ہو چکے ہیں اور اب ان کے کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ ہمایوں اختر خان حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے گھروں میں بھی گئے جہاں انہوں نے مرحومین کے ورثا ء سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں