دبئی (رپورٹنگ آن لائن)متحدہ عرب امارات کے ایک فٹبالر نے اپنی فٹبال کی مہارت کو باسکٹ بال کے عالمی ریکارڈ میں اس وقت تبدیل کر دیا، جب اس نے 39.37 فٹ (تقریباً 12 میٹر) کے فاصلے سے ایڑی کے ذریعے گیند کو باسکٹ میں ڈال دیا۔
24 سالہ حامد علی الشحیی، جو اپنی سوکر کی مہارت کے ذریعے گنیز ورلڈ ریکارڈز کے متعدد اعزازات حاصل کر چکا ہے اس نے باسکٹ بال کو سب سے زیادہ فاصلے سے ایڑی کے ذریعے کک مار کر باسکٹ میں پہنچانے کا ریکارڈ قائم کرنے کا چیلنج قبول کیا۔وہ اس سے قبل بھی کئی ریکارڈ اپنے نام کر چکا ہے، جن میں ایک منٹ میں گھٹنے سے سب سے زیادہ 215 بار فٹ بال کو اچھالنے کا ریکارڈ، گھٹنے سے فٹ بال کو مسلسل اچھالتے ہوئے 50 میٹر کا فاصلہ صرف 10.50 سیکنڈ میں طے کرنے کا ریکارڈ، بیٹھے ہوئے ایک منٹ میں گھٹنے سے فٹ بال کو سب سے زیادہ 211 بار چھونے کا ریکارڈ شامل ہے۔
اس موقع پر حامد علی نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ میں فٹ بال کی اپنی مہارت کو باضابطہ طور پر ریکارڈ کروانا اور تسلیم کرانا چاہتا تھا، جسے میں نے کھیل سے اپنی محبت اور مسلسل محنت و لگن کے ذریعے حاصل کیا۔ انہوں نے مزید فٹ بال سے میری محبت ہی میری اصل جستجو ہے اور مجھے اس کامیابی کے ذریعے امارات کی نمائندگی کرنے کا موقع ملنے پر فخر ہے۔









