اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو دوتہائی اکثریت ملنے کی امید ہے،مانسہرہ،مظفرآباد،میرپور ایکسپریس وے منصوبہ کو جلد حتمی شکل دی جائیگی،مسلم لیگ (ن )میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو جائز مقام دیں گے۔
گزشتہ روز یہاں سہنسہ سے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کو شامل ہونے پر قیادت اور پارٹی کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، آپ کا پیار ومحبت ہمارا اعزاز ہے،آپ کو مایوس نہیں کریں گے،انتخابات کے بعد بھی آپ کے ساتھ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا نوازشریف سے محبت اور (ن )لیگ کے اعتبار سے واضح ہوتا ہے کہ لوگ ماضی کی ن لیگ کی کارکردگی سے خوش ہیں اور مستقبل میں مسلم لیگ (ن )سے ہی توقعات وابستہ ہیں،اسی لئے لوگ جوق در جوق شامل ہورہے ہیں،آزادکشمیر میں مستقبل (ن )لیگ کا ہے اور اسی کی حکومت بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کو دوتہائی اکثریت ملنے کی امید ہے،شہبازشریف کے دور میں گندم کی سبسڈی اور بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی گئی۔شہباز شریف نے آزادکشمیر کے عوام کو یکمشت 23 ارب روپے دیئے۔بغیر مطالبہ کئے بغیر اس نے ہر ڈویژن میں ایک ایک دانش سکول دیا ایک سکول پر چار ارب روپے لاگت آرہی ہے۔لوگوں کو یہ کہا گیا کہ یہ سبسڈی اور رعایت ختم کی جارہی ہے،اس لئے ہمارے ساتھ نکلیں، لیکن ایسا کچھ نہیں ہے،یہ سبسڈی جاری رہے گی اور مزید بھی مراعات دیں گے،رٹھوعہ ہریام پل کے لئے شہباز شریف نے 10 ارب روپے دیئے اور طویل التواء کے منصوبے کی تکمیل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے اور موٹر ویز کا خالق نوازشریف اور مسلم لیگ ن ہیں،مانسہرہ، مظفرآباد، میرپور ایکسپریس وے کا منصوبہ بھی جلد شروع ہوگا،اس کا لنک موٹر وے ہوگا۔لوگوں کو علم ہے کہ یہ کام صرف مسلم لیگ ن ہی کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو جائز مقام دیں گے۔جوق در جوق رہنمائوں کی شمولیت سے واضح ہورہا ہے کہ آزادکشمیر میں عام انتخابات میں مسلم لیگ ن واضح برتری حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔









