اویس قادر شاہ 7

6 ستمبر قومی اتحاد اور اجتماعی قوت کی علامت ہے، اویس قادر شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی اتحاد اور اجتماعی قوت کی علامت ہے، متحد قوم کے عزم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ 1965ء میں پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان نے اتحاد، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ یومِ دفاع ان عظیم شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو یاد کرنے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

سید اویس قادر شاہ نے شہدا ، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان عظیم قربانیوں کی بدولت قوم میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کا جذبہ مزید مضبوط ہوا۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کا جذبہ حالیہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ایک بار پھر نمایاں ہوا۔ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی جذبہ حب الوطنی، قومی اتحاد اور دفاعِ وطن کے اسی عزم کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے۔

یومِ دفاع و شہداء ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ وطن کے دفاع، ترقی اور استحکام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا صرف ایک دن تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں