سید یوسف رضا گیلانی 8

چیئرمین سینیٹ کا وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات میں سرفہرست آنے پر خراجِ تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد دی ہے اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے، دونوں رہنما دنیا کی 500 بااثر ترین مسلم شخصیات میں مشترکہ طور پر سرفہرست قرار پائے ہیں،یہ فہرست “دی مسلم 500” کے نام سے ہر سال اردن کا رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر جاری کرتا ہے، جسے عالمِ اسلام کے مستند اور معتبر تحقیقی اداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ لمحہ پوری قوم کے لیے باعثِ مسرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ادارے کی جانب سے یہ پذیرائی، جس کی رائے کو دنیا بھر میں معتبر تسلیم کیا جاتا ہے، اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی آواز آج عالمی سطح پر توجہ سے سنی جاتی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ اعزاز سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ جدوجہد کا اعتراف ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک سوچ اور ایک مقصد کے ساتھ ملک کی رہنمائی کی۔ اسی اتحاد کی بدولت پاکستان نے جنگ میں فتح حاصل کی اور سفارت کاری کے میدان میں بھی ایک ذمہ دار ملک کے طور پر اپنا لوہا منوایا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج پاکستان کو دنیا بھر میں عزت اور وقار کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ یہ مقام آسانی سے حاصل نہیں ہوا۔ اس کے پیچھے ہمارے شہداء کی قربانیاں، افواجِ پاکستان کی بہادری اور عوام کا غیر متزلزل عزم شامل ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمان ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے قیادت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ سربلند رکھے، آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں