6

سندھ کی تقسیم کا مطالبہ سیاسی مایوسی کا نتیجہ ہے، وزیربلدیات سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ اور سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کا مطالبہ سیاسی مایوسی اور عوامی حمایت کھونے کا نتیجہ ہے۔ متحدہ کے رہنما سندھ کی تقسیم کے معاملے پر سیاسی شطرنج کے مہرے بنے ہوئے ہیں اور اسی پسماندہ سوچ کے باعث وہ سندھ کے عوام کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ متحدہ کو اس بات پر تکلیف ہے کہ سندھ کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کیوں کھڑے ہیں، حالانکہ سندھ ایک تاریخی، تہذیبی اور ناقابلِ تقسیم وحدت ہے۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ کو صوبے کی تقسیم کا مطالبہ کرنے کے بجائے سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا۔ سندھ کسی کی سیاسی خواہشات یا اقتدار کی سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نفرت اور لسانی تقسیم نہیں بلکہ امن، محبت اور ترقی چاہتے ہیں۔ متحدہ کی قیادت کو غور کرنا چاہیے کہ شہر کے عوام کی ترجیحات کیوں تبدیل ہوچکی ہیں اور وہ اب بھی ماضی کی سیاست میں کیوں الجھی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق کراچی کے عوام کے مسائل کا حل سیاسی نعروں کے بجائے عملی اقدامات میں ہے۔

صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مالی مشکلات اور محدود وسائل کے باوجود صوبے میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا گیا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں عالمی اداروں کے تعاون سے اہم ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت عالمی اداروں کا سندھ حکومت پر اعتماد وزیراعلیٰ کی محنت اور حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔محمود خان اچکزئی کے سندھ سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کے حالات کو خیبرپختونخوا سے زیادہ خراب قرار دینے سے پہلے زمینی حقائق کا جائزہ لینا چاہیے تھا۔

ان کے مطابق ایسے بیانات دینے سے قبل خیبرپختونخوا کے عوام کی صورتحال کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ صوبوں کے مسائل پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے ان کے حل پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ عوام سیاسی بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی وحدت، خودمختاری اور عوامی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ سندھ کے عوام اپنی دھرتی، شناخت اور وحدت کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور تقسیم و نفرت کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنے والوں کو عوامی جذبات اور تاریخی حقائق کو سمجھنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں