ابوظہبی (رپورٹنگ آن لائن) امریکا اور متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سفارتکاروں کے درمیان مشرق وسطی کی صورتحال پر اہم رابطہ ہوا ہے۔متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
اماراتی بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران کی جانب سے مبینہ طور پر متحدہ عرب امارات اور خطے کے دیگر ممالک کو نشانہ بنانے والے بلااشتعال اور دہشت گردانہ میزائل حملوں کے اثرات کا جائزہ لیا، ان اثرات میں عالمی امن و سلامتی، توانائی کی فراہمی، بحری سلامتی اور عالمی اقتصادی استحکام شامل ہیں۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی پر امریکا کا شکریہ بھی ادا کیا، بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات کو مضبوط بنانے اور خطے میں استحکام و خوشحالی کے فروغ کے ذریعے پائیدار امن و سلامتی کے حصول کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔









