نرس کے انتقال 196

ینگ نرسز کے زیر اہتمام پنز کی جواں سالہ نرس کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) ینگ ایسوسی ایشن نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی جواں سالہ گریڈ16کی سٹاف نرس نصرت بی بی کے اچانک انتقال پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا جس میں نرسنگ سپرنٹندنٹ “پنز” رضیہ شمیم،پرنسپل نرسنگ کالج حمیدہ بیگم،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال رقیہ بانو،صدر وائی این اے خالدہ تبسم سمیت نرسز کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحومہ سٹاف نرس کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے اُن کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رضیہ شمیم نے کہا کہ مرحومہ سٹاف نرس مارچ 2020میں پنجاب پبلک سروس کمیشن سے منتخب ہوئیں اور اپنی ملازمت کا آغاز محض ڈیڑھ سال قبل ملک کی معروف علاج گاہ پی آئی این ایس سے شروع کیا اور اپنی مختصر سروس کے دوران مریضوں کی جانفشانی،محنت اور لگن کے ساتھ طبی خدمات سر انجام دیں تاہم موت نے انہیں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوانے کیلئے زیادہ مہلت فراہم نہیں کی اور وہ اچانک اپنے خالق حقیقی سے جا ملی۔ اس موقع پر مرحومہ سٹاف نرس کے ہمراہ خدمات سر انجام دینے والی فرازیہ تبسم،نگہت،شمائلہ بی بی،شائستہ زیب، سونم اعجاز،آصفہ و دیگر نے نصرت بی بی کے اچانک بچھڑ جانے پر دلی دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی موت کو بھلانا انتہائی مشکل ہوتا ہے اور لواحقین کیلئے جواں مرگ کا صدمہ نا قابل برداشت ہوتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی رضا پر راضی رہنا ہی ایک مسلمان کا فرض ہے۔بینش سردار، حمیرا و دیگر نے کہا کہ مرحومہ نصرت بی بی کو ہسپتال کی نرسوں کے درمیان یاد رکھا جائے گا اور اُن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نصرت بی بی ہمیشہ ساتھی نرسز کے سکھ دکھ میں پیش پیش رہتی اور وہ ڈسپلن اورفرض شناسی کی مکمل پابند تھیں اور انہوں نے اپنے فرائض منصبی کو بہتر سے بہتر انداز میں ادا کرنے کی کوشش کی۔صدر وائی این اے خالدہ تبسم نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق نصرت بی بی کے لواحقین کو مالی امداد کا پیکج و دیگر مراعات کے حصول کے لئے قانونی امور میں اُن کی بھرپور معاونت کی جائے گی تاکہ مرحومہ کے اہل خانہ کو اُن کا قانونی حق مل سکے اور صدمے کی اس حالت میں اُن کی دل جوئی ہو سکے۔رقیہ بانو نے نرسنگ سٹاف کو تلقین کی کہ مختصر سی زندگی میں دوسروں کے ساتھ خوش اخلاقی اور اور احترام سے پیش آئیں اور آپ کی زندگی خوشیوں سے بھر جائے گی۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مرحومہ نصرت بی بی کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیااور ان کے بلند درجا ت کے لئے دعا کروائی گئی۔ اس موقع پر ساتھی نرسز زرمین جمیل، ٹینا رؤف،رئیسہ خان، غلام فاطمہ،حمیرا مشتاق و دیگر بھی موجود تھیں جنہوں نے اپنی ساتھی کے لئے خصوصی دعائیں کیں اور اُن کی اچانک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ دعائیہ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کہا :
جدائی گونجتی ہے جسم و جاں میں
اتنی شدت سے بچھڑا ہے کوئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں