اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 9.29 فیصد تک پہنچ گئی، یہ اعداد و شمار ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ صرف 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ہفتہ وار بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں 10.14 فیصد، چکن میں 9.19 فیصد، دال چنا میں 2.43 فیصد، مرچ پاؤڈر میں 1.01 فیصد، گھی و خوردنی تیل میں 0.99 فیصد، چائے کی پتی میں 0.57 فیصد اور گندم کے آٹے میں 0.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے ٹماٹر 6.82 فیصد، ایل پی جی 1.90 فیصد، ڈیزل 1.66 فیصد، پٹرول 0.63 فیصد، کیلے 1.20 فیصد، چینی 0.51 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 0.29 فیصد سستی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 178.03 فیصد، پیاز میں 84.65 فیصد، گندم کے آٹے میں 80.02 فیصد، ایل پی جی میں 53.83 فیصد، ڈیزل میں 34.44 فیصد اور پٹرول میں 25.97 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح مرچ پاؤڈر 16.37 فیصد، مٹن 16.12 فیصد، کیلے 15.11 فیصد، بیف 13.81 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 9.37 فیصد مہنگی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق بعض اشیا کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں کمی بھی دیکھی گئی، آلو 30.65 فیصد، دال چنا 17.86 فیصد، چینی 17.60 فیصد، چکن 15.65 فیصد، نمک پاؤڈر 14.09 فیصد، دال مسور 13.02 فیصد، انڈے 9.66 فیصد اور دال مونگ 6.25 فیصد سستی ہوئی ہیں۔









