سینیٹر اورنگزیب 9

کمزور ترین شہریوں کا تحفظ قومی ترجیح ہونا چاہیے، سینیٹر محمد اورنگزیب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی صحت کا اندازہ اس کی دولت سے نہیں بلکہ اس کے کمزور طبقے کے ساتھ سلوک سے ہوتا ہے، ہمیں اپنے سب سے نازک اور مشکل وقت میں کمزور ترین شہریوں کے تحفظ کو اولیت دینا ہوگی۔

سیفی ہسپتال کے کارڈیک ونگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ صرف معاشی اعداد و شمار نہیں بلکہ غریب اور پسے ہوئے طبقات کی فلاح ملکی ترقی کا اصل معیار ہے۔ معاشی استحکام کے ثمرات عام آدمی، بالخصوص معاشرے کے مستحق اور کمزور ترین طبقات تک پہنچانا ہمارا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے سب سے نازک طبقے کو سہارا نہیں دیں گے، حقیقی قومی اور معاشی ترقی کا خواب ادھورا رہے گا۔

ریاست اور معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ کمزور اور مستحق شہریوں کیلئے سہارا فراہم کیا جائے۔وفاقی وزیر خزانہ نے کراچی کو روشنیوں، امیدوں اور بے پناہ صلاحیتوں کا شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام اور یہاں کی معیشت ملک کی بقا اور ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ شہر کی معاشی سرگرمیوں اور عوام کی صلاحیتوں سے ملکی ترقی کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کا مقصد محض معاشی اشاریوں میں بہتری نہیں بلکہ اس کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانا ہے، بالخصوص ان لوگوں کو سہارا دینا ضروری ہے جو سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں