خالد مقبول صدیقی 6

کراچی کو عوامی رائے کے بغیر سندھ کا حصہ بنایا گیا، نئے صوبے وقت کی ضرورت ہیں، خالد مقبول صدیقی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کو عوام کی رائے لیے بغیر سندھ کا حصہ بنایا گیا، نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔نارتھ ناظم آباد ریزیڈنٹس کمیٹی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت کراچی ملک کا دارالحکومت تھا اور ان کے اجداد نے قائداعظم کے تصور کے تحت ہجرت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی انتظامی حیثیت تبدیل کرتے ہوئے شہریوں سے رائے نہیں لی گئی۔انہوں نے کہاکہ 1970ء کی دہائی تک کراچی کا انتظامی ڈھانچہ موجودہ صورت حال سے مختلف تھا۔ ان کے بقول صوبوں کی بحالی کے وقت نہ ریفرنڈم کرایا گیا اور نہ ہی عوامی رائے معلوم کی گئی، بلکہ انتظامی تبدیلیوں کے ذریعے کراچی کو سندھ کا حصہ بنا دیا گیا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ ایم کیو ایم کے قیام سے بھی پرانا ہے اور ان کے آباؤ اجداد نے اس خطے کے لیے بے شمار قربانیاں دی تھیں۔ انہوں نے سندھ کی پانچ ہزار سالہ تاریخ کا حوالہ دینے والوں سے متعلق کہا کہ اس تاریخ کا موجودہ ملکی تقسیم سے تعلق نہیں ہے۔
٭٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں