سعدیہ جاوید 8

کراچی، ایم کیو ایم آئین کا آدھا سچ بول کر عوام کو گمراہ کر رہی ہے، سعدیہ جاوید

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی پریس کانفرنس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی آئین کا آدھا سچ بیان کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، آئین میں نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار واضح طور پر موجود ہے، تاہم گلی محلوں میں نفرت پھیلا کر ملک کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ایک بیان میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ آئینی شقیں وفاق کو مضبوط بنانے کے لیے ہیں، ملک کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کے لیے نہیں۔ اگر ایم کیو ایم کو آئین کا اتنا ہی احترام ہے تو وہ آئین کی روح سمجھی جانے والی 18ویں ترمیم کو نشانہ کیوں بناتی ہے؟ ایم کیو ایم کا ”صوبہ کارڈ” دراصل اس کی سیاسی دیوالیہ پن کی آخری کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ فلیش لائٹس کے سامنے بیٹھ کر نقشے تبدیل کرنے کے خواب دیکھنا بند کیے جائیں۔ کراچی کے مسائل نعروں اور پریس کانفرنسوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات اور کارکردگی سے حل ہوں گے۔ترجمان سندھ حکومت نے مصطفی کمال کے ”22 ہزار ارب روپے” کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعداد و شمار محض سستی شہرت حاصل کرنے کا ایک ڈیجیٹل اسٹنٹ ہیں۔

مصطفیٰ کمال کراچی کو بدترین شہر قرار دینے سے پہلے اپنے دور کے ادھورے منصوبوں اور کارکردگی کا حساب دیں۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ ایم کیو ایم جس نفرت کا بیانیہ دہائیوں سے فروخت کرتی رہی، وہ اب عوام کے لیے ”ایکسپائر” ہو چکا ہے۔ تقسیمِ سندھ کی بات کرنے والے پہلے اپنی بکھری ہوئی صفوں کو متحد کریں۔ خالد مقبول صدیقی کا ”قومی ڈائیلاگ” دراصل اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنے کا شارٹ کٹ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں جذباتی نعروں کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔ ایم کیو ایم کا سیاسی بیانیہ تعصب اور بلیک میلنگ کے گرد گھومتا ہے، جبکہ اس کے پاس نہ کوئی مؤثر معاشی پلان ہے اور نہ کراچی کی ترقی کا کوئی قابلِ عمل ماڈل۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ کراچی کے ووٹرز اب پریس کانفرنسوں کے اسکرپٹ پر نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کرتے ہیں۔ سندھ کی دھرتی کو جغرافیائی یا لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، شہری اور دیہی سندھ میں تفریق پیدا کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا نام لے کر عوام کو خوفزدہ کرنے کا دور گزر چکا، اب ملک میں قانون کی حکمرانی ہے۔ جاگیرداری کے الزامات لگانے والوں کی اپنی سوچ آمرانہ اور جاگیردارانہ ہے۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ہر شہری کے حقوق کی ضامن ہے اور کسی کو نفرت پھیلانے کا لائسنس نہیں دیا جائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کا سیاسی بیانیہ اپنی کشش کھو چکا ہے اور اس کی سیاست اب صرف خبروں کی سرخیوں میں زندہ رہنے کی ناکام کوشش تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں