ڈی جی خان

ڈی جی خان۔ پراپرٹی ٹیکس میں چھوٹ کی لوٹ سیل۔

شہبازاکمل جندران۔۔۔

ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں پراپرٹی ٹیکس کی اپیلوں اور ریمانڈ درخواستوں کی مد میں ٹیکس میں ناجائز چھوٹ دیئے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی خان میں ای ٹی او جام عبدالزاق، پراپرٹی ٹیکس کے 7 زونز زون اے ، بی ، سی ،ڈی، ای، کوٹ چٹھہ اور تونسہ شریف زون کے انچارج ہیں۔

اسی طرح مظفر گڑھ میں ای ٹی او جام محمد ارشد پراپرٹی ٹیکس کے 7 زونز، زون اے ، بی، چوک سرور شہید، کوٹ جتوئی، کوٹ ادو، علی پور اور زون قصبہ گجرات کے انچارج ہیں۔

جبکہ لئیہ میں پراپرٹی ٹیکس کے 6 زونز، زون اے ، بی ، چوک اعظم ، کہروڑ لعل عیسن، فتح پور ور زون کوٹ سلطان کے انچارج ای ٹی او منور احمد رند ہیں۔

اورراجن پور میں ای ٹی او طارق جاوید پراپرٹی ٹیکس کے 4 زونز، زون راجن پور، فاضل پور، کوٹ مٹھن اورجام پور کے انچارج ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیرہ غازی خان شاہد گیلانی کی سربراہی میں یہاں ای ٹی اوز پنجاب اربن ایموویبل پراپرٹی ٹیکس ایکٹ 1958 کے سیکشن 9 سی تھری اور سیکشن 10 کے تحت اپیلوں اور ریمانڈ کی مد میں قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچارہے ہیں۔اور جون 2022 سے تاحال متعدد پراپرٹی یونٹس، گھروں،دوکانوں، مارکیٹوں، مالز، کمرشل پلازوں،فیکٹریوں، کارخانوں، ملوں اور پلانٹس کے پراپرٹی ٹیکس کی رقم مبینہ طورپر بھاری رشوت کے عوض کروڑوں روپے کم کی گئی ہے۔
ڈی جی خان
اس سلسلے میں گفتگو کے لئے ڈائیریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیرہ غازی خان شاہد گیلانی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہاں ایک بھی اپیل یا ریماند کی درخواست نہیں دائر ہوئی اور نہ ہی کسی یونٹ کا ٹیکس کم کیا گیا ہے۔