اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ نئی سڑکوں کی تعمیر اور پرانی سڑکوں کی مرمت ٹول ٹیکس کی آمدن سے ہی ممکن ہے۔جمعہ کوسینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران جواب دیتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہاکہ اس وقت قومی شاہراؤں پرایک سونو ٹول پلازہ قائم ہیں،جہاں سڑکوں کی حالت خراب ہے وہاں ٹول پلازوں کو غیرفعال رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ایس ڈی پی میں وزارت مواصلات کا حصہ مسلسل کم ہو رہا ہے،ٹول کی آمدن بڑھا کر ہی سڑکوں کی حالت بہتربنائی جاسکتی ہے،جب تک ہم اپنے فنڈز نہیں بڑھائیں گے سڑکیں ٹھیک نہیں کر سکیں گے۔وفاقی وزیرمواصلات نے اوور لوڈنگ کوسڑکوں کی تباہی کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ٹرک ایکسل لوڈ سے زیادہ وزن لے کر چلتے ہیں،
جو سڑک بیس سال کیلیے بنتی ہے،تین چارسال میں ٹوٹ جاتی ہے،یقین دلاتا ہوں کہ سڑکوں کی حالت بہتر ہوگی اور نئی سڑکیں بھی بنیں گی۔عبدالعلیم خان نے بتایا کہ سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے، پانچ میں سے تین سیکشنز کی منظوری ہو چکی ہے اور اگست یا ستمبر تک عملی کام شروع ہونے کا امکان ہے۔









