شی جن پھنگ 37

چین-سربیا ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، چینی صدر

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کے صدر شی جن پھنگ سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ نے ملاقات کی۔

پیر کے روز شی جن پھنگ نے کہا کہ 2024 میں سربیا کے اپنے سرکاری دورے کے دوران دونوں فریقوں نے نئے عہد میں چین-سربیا ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے مشترکہ طور پر ایک نئے باب کا آغاز کیا۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران، چین-سربیا ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوا ہے اور دو رسیاستوں کے مابین تعلقات کا ایک ماڈل قائم کیا گیا ہے-شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں فریقوں کو تبادلوں اورباہمی اعتماد کو مضبوط کرنا چاہیے، تعاون کو گہرا کرنا چاہیے ، مشترکہ مستقبل اور مشترکہ خوشحالی کے روشن راستے پر گامزن ہونے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور چین-سربیا جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندی تک پہنچانا چاہیے۔

شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور سربیا کے درمیان منفرد دوستی ہے جو گہرے تاریخی پس منظر اور مضبوط عملی بنیادوں کی حامل ہے ۔ دونوں فریقوں کو مضبوطی سے ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین سربیا کی اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن رہنے کی حمایت کرتا ہے اور سربیا کے ساتھ حکمرانی میں تجربات کے تبادلے کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔ موجودہ پیچیدہ اور غیر مستحکم بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر، چین اور سربیا کو بین الاقوامی امور میں ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے ، حقیقی کثیرالجہتی پر عمل کرنا چاہیے ، اور ایک منصفانہ اور منظم کثیر قطبی دنیا، جامع اقتصادی عالمگیریت، اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے مسلسل کوششیں کرنی چاہئیں۔

الیگزینڈر ووچیچ نے کہا کہ سربیا اور چین کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے بعد ، دو طرفہ تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ملاقات کے بعد، دونوں سربراہان مملکت نے مشترکہ طور پر سیاست، تجارت و معیشت ، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، عدلیہ اور ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کی 20 سے زائد دستاویزات پر دستخط کا مشاہدہ کیا ۔

دونوں فریقوں نے “نئے عہد میں چین-سربیا ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو جاری رکھنے ” اور ” عوامی جمہوریہ چین اور جمہوریہ سربیا کے درمیان چار عالمی انیشی ایٹوز کے نفاذ کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کے بارے میں مشترکہ بیان” بھی جاری کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں