اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی بچت مرکز میں تعینات افسر نوید اللہ کو ریٹائرمنٹ پر پنشن اور دیگر مراعات ادا کرنے کا حکم دیدیا۔جسٹس شاہ رخ ارجمند نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے وزارتِ خزانہ اور متعلقہ حکام کو نوید اللہ کی پنشن اور مراعات فوری جاری کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پنشن کوئی خیرات، رعایت یا عطیہ نہیں بلکہ ملازم کا قانونی اور آئینی حق ہے۔وزارتِ خزانہ نے موقف اختیار کیا کہ ملازم کی کنٹریکٹ پر تعیناتی وفاقی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے نہیں ہوئی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق نوید اللہ نے 28 مئی 1995 کو وزارتِ خوراک میں گریڈنگ انسپکٹر کی حیثیت سے ملازمت شروع کی جبکہ 16 اگست 1997 کو ان کی خدمات مستقل کر دی گئی تھیں۔عدالت کے مطابق قومی بچت مرکز منتقل ہونے کے بعد ملازم کو 2012 میں ریگولرائز اور 2015 میں مستقل کیا گیا تھا۔









