پی ٹی سی ایل

پی ٹی سی ایل کا ہیلپ لائن 1218 پرسندھی زبان میں کسٹمر سپورٹ سروسز کے اجراء کا اعلان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پی ٹی سی ایل نے اپنی ہیلپ لائن 1218 پرسندھی زبان میں کسٹمر سپورٹ سروسز کے اجراء کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے ابتداء میں سندھی زبا ن میں سروس شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔

ترجمان پی ٹی سی ایل فریحہ طاہر شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی کمپنی ہونے کی حیثیت سے ہماری توجہ اپنے صارفین کی خدمت پر ہے اور ہم نے معاشرے کے تمام افراد کی شمولیت کیلئے کام کیا ہے۔ ہم آگے بڑھتے ہوئے اسی طرح کے مواقع کی تلاش جاری رکھیں گے تاکہ دیگر علاقائی زبانوں کو بھی منظم طریقہ کار کے تحت شامل کیا جا سکے کیونکہ ہم تمام علاقائی زبانوں کا نہ صرف احترام کرتے ہیں بلکہ انہیں اپناتے بھی ہیں۔

پی ٹی سی ایل اپنے صارفین کو اعلیٰ ترین خدمات اور اطمینان کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ سندھی زبان کی شمولیت پہلے سے ہی تیاری کے مراحل میں تھی لیکن کورونا وائرس اور سندھ میں سخت لاک ڈاؤن کی وجہ سے اسے شامل نہیں کیا جا سکا۔

سندھی زبان کے اجراء کے بعد پی ٹی سی ایل مستقبل قریب میں دیگر علاقائی زبانوں کو بھی اپنے سسٹم میں شامل کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے جس کا مقصد سروسزکو پوری قوم تک پہنچنا ہے چونکہ پی ٹی سی ایل نے خود کو’’نیو نارمل‘‘ کے مطابق ڈھالا ہے اس لئے یہ امید کی جاتی ہے کہ ٹیلی کمیونیکشن سروس فراہم کرنے والا قومی ادارہ انفارمیشن اور کمیونیکشن ٹیکنالوجیز میں نئے افق کی تلاش اور اپنے تمام وسائل جدت پسندی کیلئے وقف کرے گا۔

امید کی جاتی کہ اس عمل سے موجودہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران نئے سماجی اور معاشی دور میں ملک کو معاونت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔