پی سی بی 9

پی سی بی نے 2 سالہ پابندی کا سامنا کرنے والے حمزہ نذر کی معافی قبول کرلی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ویزے کیلئے غلط معلومات فراہم کرنے پر 2 سالہ پابندی کا سامنا کرنے والے حمزہ نذر کو معافی مل گئی۔پی سی بی نے آل رائونڈر کی جانب سے غلطی تسلیم کیے جانے پر سزا معاف کر دی، انھیں قائد اعظم ٹرافی کیلئے سیالکوٹ کی ٹیم میں بھی شامل کر لیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 6 اگست کو حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی کا اعلان کیا تھا، ان پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا تھا، حکام کا بیان میں کہنا تھا کہ یہ تادیبی کارروائی بورڈ کے ذریعے ویزا درخواست جمع کرواتے وقت حمزہ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی تحقیقات کے بعد عمل میں لائی گئی ہے،پی سی بی کے مطابق کرکٹر نے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، گمراہ کن تفصیلات جمع کروائیں اور درخواست کے دوران عمل اہم حقائق چھپائے، پی سی بی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جس نے دستیاب شواہد کا جائزہ لینے سے قبل حمزہ کو مؤقف پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ بعد ازاں کمیٹی نے رپورٹ اور سفارشات پیش کیں، ان کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی نے حمزہ نذر کو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے 2 سال کے لیے معطل کرنے کے ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

حمزہ نذر دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے پاکستان ٹیم میں شمولیت کے مضبوط امیدواروں میں شامل تھے تاہم ویزا سے متعلق معاملے کے باعث سلیکشن کی دوڑ سے باہر ہوگئے تھے، ذرائع نے بتایا کہ حمزہ نے بورڈ سے اپنی غلطی پر شرمساری کا اظہار کرتے ہوئے معافی کی اپیل کی۔ انہوںنے کہاکہ کرکٹ روزی روٹی ہے اسے نہ چھینا جائے، ان کی درخواست قبول کرتے ہوئے پی سی بی نے فوری طور پر پابندی ختم کردی، البتہ انہیں مستقبل میں محتاط رویہ اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔حمزہ کو قائد اعظم ٹرافی کیلئے سیالکوٹ کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے، ان دنوں وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پریکٹس بھی کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 27 سالہ حمزہ نذر 16 فرسٹ کلاس میچز میں 748 رنز بنانے کے ساتھ 26 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں