کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے اور انہیں انصاف دلانے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صحافیوں کے خلاف تشدد، دھمکیوں اور حملوں پر سزا سے استثنیٰ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ صحافیوں کا تحفظ جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور آزادی اظہار کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ آزاد صحافت معاشرے کو باخبر رکھنے، حکمرانوں کا احتساب کرنے اور عوامی مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد اور شفاف حکمرانی کے لیے ضروری ہے۔ صحافیوں کو خوف، دھمکیوں اور دباؤ کے بغیر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ حکومت سندھ نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے 2021 میں سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ اَدر میڈیا پریکٹیشنرز ایکٹ منظور کیا تھا، جس کے تحت صحافیوں کے تحفظ کے لیے کمیشن بھی قائم کیا گیا۔
اس قانون میں صحافیوں پر حملوں کی تحقیقات، شکایات کے ازالے اور متاثرہ صحافیوں کو قانونی معاونت فراہم کرنے کی گنجائش موجود ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے خلاف جرائم کی فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی اور ان میں ملوث ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے میڈیا اداروں، صحافتی تنظیموں اور متعلقہ حکام پر زور دیا کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کریں اور انہیں محفوظ پیشہ ورانہ ماحول کی فراہمی یقینی بنائیں۔مراد علی شاہ نے عوام اور تمام اداروں سے اپیل کی کہ صحافیوں کے خلاف جرائم پر خاموش نہ رہیں بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام، متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور ذمہ داروں کے احتساب کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔









