نہال ہاشمی 12

قائداعظم کے 150ویں یومِ ولادت کی تقریبات دسمبر بھر منعقد ہوں گی، گورنر سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی جائے پیدائش وزیر مینشن کھارادر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قائداعظم کے زیرِ استعمال کمرے، لائبریری اور دیگر تاریخی اشیاء کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے تاریخی ورثے کو مزید محفوظ بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ قائداعظم کی انتھک محنت، عزم اور غیر معمولی قیادت کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 25 دسمبر کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ ولادت منایا جائے گا، جس کی مناسبت سے دسمبر بھر مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے دیے گئے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم آج بھی پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے مشعلِ راہ ہیں، اس لیے نئی نسل کو بانی پاکستان کی جدوجہد، افکار اور رہنمائی سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔

دورے کے دوران گورنر سندھ نے وزیر مینشن میں موجود تاریخی اشیا کے تحفظ اور دیکھ بھال کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس قومی ورثے کو محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے وزیر مینشن کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔اس موقع پر ڈی جی اینٹیکیوٹیز عبد الستار شیخ اور اے ڈی وزیر مینشن منیر خیال نے گورنر سندھ کو سندھ کی ثقافتی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں