شیری رحمان

پیپلز پارٹی کی نائب صدرشیری رحمان کا گندم بحران پر کمیشن بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن) پیپلز پارٹی کی نائب صدرشیری رحمان نے گندم بحران پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے ایک کے بعد دوسرہ بحران کھڑا ہو رہا ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ ملک میں ایک بار پھر گندم کا بحران آنے والاہے، حکومت کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے ایک کے بعد دوسرہ بحران کھڑا ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ تبدیلی سرکار اب بحرانی سرکار بن چکی ہے، اس وقت ملک میں 30 لاکھ ٹن گندم کی کمی ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ گندم بحران پر کمیشن بننا چا ہیے ،جون کے مہینے میں ہی گندم کی قیمتوں میں اضافے سوچی سمجھی سازش تھی۔

انہوںنے کہاکہ مصنوعی بحران  پیدا کر کے قیمتوں میں اضافہ کرنا معمول بن چکا ہے، گندم کی بیرون ملک سپلائی کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کا نہ سپلائی پر کنٹرول ہے نہ قیمتوں پر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چینی رپورٹ آنے کہ بعد بھی حکومت قیمت میں کمی نہیں کر سکی۔ شیری رحمن نے کہاکہ ملک میں نہ بجلی ہے، نہ گیس، نہ ہی کھانے کیلئے آٹا، تباہی سرکار کے دور میں اب عوام کو روٹی بھی میسر نہیں ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ تباہی سرکار کی مستقل بدانتظامی کی وجہ سے ملک مسلسل بحرانوں میں گھرا ہوا ہے۔