کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ تین سال میں تباہی سرکار نے پیٹرول کی قیمت میں 53 روپے کا اضافہ کیا ہے۔
جمعہ کو پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تباہی سرکار نے پٹرول کی قیمت میں مزید 8 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا، دو ہفتے پہلے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا تھا، پٹرول کی نئی قیمت اب 145 روپے 82 پیسے ہوگئی ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پیٹرول کی قیمتیں بڑھا کر کہتے ہیں عوام کو ریلیف دے رہے ہیں، وزیراعظم ریلیف دے نہیں، مانگ رہے تھے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو گی، پہلے ہی مہنگائی کی شرح 14.31 فیصد ہو چکی ہے، حکومت عوام پر رحم کرے اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں۔









