لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک اور بڑا اقدام کیا ہے،وزیر اعلیٰ کی خصوصی کمیٹی نے اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ،مختلف محکموں کے 29 ہزار 950 ملازمین کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعلیٰ کی خصوصی کمیٹی نے اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے۔اس حوالے سے راجہ بشارت نے کہا کہ محکمہ جیل کے 14 ہزار 387 وارڈرز کا گریڈ 5 سے 7 کردیا گیا ہے اور 1520 ہیڈ وارڈرز کا گریڈ 7 سے 9 جبکہ 162 چیف وارڈرز کا گریڈ 9 سے 11 کردیا گیا ہے،محکمہ جیل کے 49 مذہبی معلمین کو گریڈ 12 سے 15 دے دیا گیا ہے اور تمام محکموں کے 373 ٹیلی فون آپریٹرز کا گریڈ 7 سے بڑھا کر 11 کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے اجلاس میں کہا کہ تمام محکموں کے 11 ہزار 184 ڈرائیوروں کا سکیل 4 سے 5 کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ سماجی بہبود کے 695 سپروائزروں کا گریڈ 9 سے 11 کردیا گیا ہے،محکمہ جنگلات کے 928 واچرز اور 30 ہیڈ واچرز کا گریڈ 5 اور 7 سے 9 کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ جنگلات کے 162 وائلڈ انسپکٹرز کا گریڈ 9 سے 11 اور 2 فزیکل انسٹرکٹرز کا گریڈ 8 سے 9 کر دیا گیا ہے۔راجہ بشارت نے مزید کہا کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے 458 کیئر ٹیکرز کا گریڈ 9 سے 11 کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون اور سیکرٹری خزانہ سمیت متعلقہ محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔









