لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیو ٹ وامیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرسردار محمد الفرید ظفرعمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے آتے ہی لاہور جنرل ہسپتال میں گرمی کی شدت سے متاثرہ گیسٹرو، ڈائریا کے زیر علاج مریضوں کیلئے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں انتظامی ڈاکٹرز سے تفصیلی معلومات حاصل کیں اور انہیں (ہیٹ ویو)گرمی کی لہرسے متاثرہ افراد خصوصاً بچوں اور ضعیف العمر افراد کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور انتظامیہ سے کہا کہ ایسے مریضوں کا بلڈ پریشر، ٹمپریچر اور پلس کو خصوصی طور پر مانیٹر کیا جائے۔ پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ دست، اسہال کی وجہ سے مریض ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہو جاتے ہیں اور ان کے جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے جس کو دور کرنے کے لئے والدین و اہل خانہ ایسے مریض بچوں اور بزرگوں کو ا و آر ایس ملا پانی زیادہ سے زیادہ پلائیں تاکہ ان کو جسمانی کمزوری لاحق نہ ہو۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موسمی اثرات سے آگاہ رہیں، کھانا کم سے کم کھاتے ہوئے بد پرہیزی سے بچیں اورموسم گرما کے دوران غیر معیاری مشروبات پینے،ریڑھی و سٹالوں سے کٹے پھٹے پھل کھانے،گرمی کی شدت کم کرنے کے لئے گولے اور شربت پینے سے بھی گریز کریں تاکہ ڈائریا کے جراثیموں سے بھی محفوظ رہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہیں نکلنا چاہیے،ضروری کام کیلئے باہر جانا پڑے توسر کوڈھانپ کر جائیں تاکہ گرمی کی شدت سے بچا جا سکے۔انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر خالد بن اسلم اورفوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق سے بریفنگ لیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے واضح کردہ احکامات کی روشنی میں مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ لو لگنے میں نیم حکیموں کے پاس جانے کی بجائے سرکاری ہسپتالوں سے رجوع کریں جہاں 24گھنٹے علاج کی مفت سہولیات میسر ہیں اور بالخصوص لاہور جنرل ہسپتال کے تمام شعبے پوری طرح الرٹ اور فعال رہ کر کام کر رہے ہیں اور طبی عملہ چوکس رہے گا۔






