سردار ایاز صادق 53

پاک چین دوستی باہمی اعتماد، اخلاص، تعاون اور احترام کی بے مثال علامت ہے،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، اخلاص، تعاون اور احترام کی بے مثال علامت ہے۔پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونا دونوں ممالک کے تاریخی اور مثالی تعلقات کا عظیم سنگِ میل ہے۔ جمعرات کوپاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نےپاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی اور چینی صدر شی جن پنگ، چیئرمین این پی سی ژائو لی جی، این پی سی اور چینی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین سدا بہار سٹریٹجک شراکت داری پر مبنی دوستی دنیا کے لیے مثال ہے۔پاکستان کو چین کے ساتھ ہر آزمائش میں پورا اترنے والی دوستی پر فخر ہے۔چین ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا قابلِ اعتماد دوست اور مضبوط اسٹریٹجک شراکت دار رہا ہے۔پاکستان اور چین نے ہمیشہ ہر عالمی و علاقائی پلیٹ فارم پر ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے۔معیشت، تجارت، تعلیم، زراعت، انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں پاک چین تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور ( سی پیک )دونوں ممالک کے مابین پائیدار ترقی، اقتصادی استحکام اور مشترکہ خوشحالی کی روشن مثال ہے۔پاکستان اور چین علاقائی امن، ترقی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے ہمیشہ یکساں مؤقف کے حامل رہے ہیں۔

قدرتی آفات، مشکل حالات اور عالمی چیلنجز کے دوران چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ حقیقی دوست ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے۔پاک چین لازوال دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید گہری، مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہوتی جا رہی ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات آئندہ نسلوں کے لیے بھی امن، خوشحالی اور ترقی کا روشن باب ثابت ہوں گے۔دونوں ممالک کے عوام کی باہمی محبت اور اعتماد دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بناتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں