آصف علی زرداری 26

پاکستان قابل عمل، آزاد اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا،صدر زر داری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، آزادی اور وقار کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، یہ دن 1948 کے ان المناک واقعات کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں اور زمینوں سے بے دخل ہوئے اور انہیں طویل عرصے تک مصائب و مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ہفتہ کوعالمی یوم نکبہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ فلسطینی عوام کے لیے نکبہ محض تاریخ کا ایک بند باب نہیں بلکہ ایک مسلسل حقیقت ہے، جو قبضے، بے دخلی، محرومی اور بنیادی حقوق سے انکار کی صورت میں آج بھی جاری ہے،پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور اقوامِ متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر ان کے جائز اور ناقابلِ تنسیخ حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کا مؤقف انصاف، بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے اصولوں پر مبنی ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ اس اہم دن پر پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ فلسطینی عوام، خصوصاً فلسطینی مہاجرین کی مسلسل حمایت کو یقینی بنایا جائے،قرارداد 194 کے تحت تسلیم شدہ فلسطینی مہاجرین کے حقِ واپسی کو اب تک عملی جامہ نہیں پہنایا گیاجسے یقینی بنایا جانا چاہیے۔پاکستان غزہ میں فوری، غیر مشروط اور پائیدار جنگ بندی، فلسطینی عوام تک بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور اسرائیل کے اقدامات کے احتساب کے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان ایک قابلِ عمل، آزاد اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گاجو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔صدر نے کہا کہ اس دن پاکستان تمام اقوام سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کا احترام کریں، فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کریں اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، پائیدار اور جامع حل کے لیے مشترکہ کوششیں کریں،پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق، بشمول حقِ خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام، کے حصول تک ان کے ساتھ مکمل یکجہتی جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں