عطاء تارڑ

پارلیمانی کارروائی کی کوریج سے صحافیوں کو روکنا صحافتی آزادی پر خطرناک حملہ ہے’عطاء تارڑ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہاہے کہ پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ،پارلیمانی کارروائی کی کوریج سے صحافیوں کو روکنا صحافتی آزادی پر خطرناک حملہ ہے ۔

عطاء تارڑ نے پنجاب اسمبلی پریس گیلری اور اسمبلی سیکریٹریٹ کو میڈیا کے لئے بند کرنے کے حوالے سے اپنے رد عمل میں کہاکہ پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے میڈیا کو کوریج سے روک کر آزادی اظہار رائے کو سلب کرنے کی مذموم کوشش کی ہے ۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس پر پابندی لگانا قابل افسوس ہے ۔

اسپیکر چوہدری پرویز الہی اور سیکریٹری اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔ پارلیمانی کاروائی کی کوریج میڈیا کا بنیادی حق ہے اور اس حق کو چھیننے کی کوشش خلاف قانون ہے ۔ جمہوریت کے فروغ کے لئے میڈیا کا کردار قابل ستائش ہے ۔انہوںنے کہاکہ جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لیے میڈیا نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان قربانیوں کو کسی صورت ضائع کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔