اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع آواران میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ‘فتنہ الہندوستان’ کے دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کی بھرپور ستائش کی ہے۔
ایک بیان میں وزیر داخلہ نے بر وقت کارروائی کے دوران 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے پر وہ فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت غیر متزلزل عزم کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ ملک دشمن دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا جڑ سے مکمل خاتمہ پوری قوم کی متفقہ آواز ہے۔انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز سے فتنہ اور دہشتگردی کے ناسور کو مٹانے کی اس جنگ میں پوری قوم یکسو ہو کر اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔









