کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 15ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو ایک عہد ساز، بہادر اور باہمت شخصیت تھیں، جن کی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کے دور میں جمہوری اقدار کے تحفظ اور جمہوریت کی بحالی کے لیے غیر معمولی جرات، استقامت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ جمہوریت نے تحریکِ بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی) سمیت آمریت کے خلاف جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا اور عوامی حقوق کی آواز کو مضبوط بنایا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی گرفتاری کے دوران بیگم نصرت بھٹو نے پارٹی کی قیادت سنبھال کر اپنے سیاسی عزم اور جرات کا ثبوت دیا، جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد بھی وہ جمہوریت کی بحالی اور عوامی حقوق کے لیے ثابت قدم رہیں۔ ذاتی صدمات اور شدید مشکلات کے باوجود انہوں نے جمہوری اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کے خلاف جدوجہد میں اپنے شوہر، دونوں بیٹوں اور ایک بیٹی کی قربانی دی، لیکن ان تمام صعوبتوں کے باوجود ان کا جمہوری عزم متزلزل نہیں ہوا۔ ان کی زندگی قربانی، بہادری اور سیاسی استقامت کی ایک روشن مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے خواتین کو سیاست میں مؤثر کردار ادا کرنے اور قومی معاملات میں حصہ لینے کا حوصلہ دیا۔ ان کی جدوجہد نے جمہوری روایات کے تحفظ، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کو نئی توانائی اور حوصلہ فراہم کیا۔سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لیے بیگم نصرت بھٹو کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کا کردار آنے والی نسلوں کے لیے عزم، حوصلے اور جمہوری وابستگی کا روشن مینار ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے بیگم نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے جمہوری مشن سے وابستگی برقرار رکھی جائے گی اور آئین کی پاسداری، جمہوری اقدار کے تحفظ اور عوام کی خدمت کے اصولوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔









