کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مون سون بارشوں کے دوران متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے شدید بارشوں کے پیش نظر ریسکیو اور انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اربن فلڈ سے بچاؤ کے لیے نالوں اور ڈرینج سسٹم کی سخت نگرانی کی جائے، بارش کے پانی کے فوری اخراج کے لیے مشینری اور عملہ متحرک رکھا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شدید بارشوں کے دوران عوام غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرے، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور بلدیاتی ادارے کوآرڈی نیشن میں رہیں۔
مراد علی شاہ نے ٹریفک پولیس کو نشیبی علاقوں اور مصروف مقامات پر الرٹ رہنے کا حکم دیا اور کہا کہ بارش کے دوران ٹریفک پولیس عوام کی بھرپور رہنمائی کرے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بجلی کے کھمبوں اور کمزور انفراسٹرکچر سے دور رہیں، عوام کو موسمی حالات سے باخبر رکھنے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام سخت کیا جائے۔









