شہباز شریف 86

وزیراعظم نے جامع قومی انرجی پلان کی تشکیل پر متعلقہ وزارتوں اور صوبوں کی مشاورت سے کام کرنے اور اس کیلئے علیحدہ سیکرٹریٹ بنانے کی منظوری دے دی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جامع قومی انرجی پلان کی تشکیل پر متعلقہ وزارتوں اور صوبوں کی مشاورت سے کام کرنے اور اس کے لئے علیحدہ سیکرٹریٹ بنانے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی پر ذیلی کمیٹی کا قومی انرجی پلان اور دیگر اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے جامع قومی انرجی پلان بنانے کی اصولی منظوری دے دی۔ مزید برآں، اجلاس میں ویلنگ چارجز کی نیلامی کے بارے میں فریم ورک گائیڈ لائنز کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیراعظم نے اجلاس کے دوران ملک بھر میں بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے اور ذیلی ترسیلی اداروں کی نجکاری کے عمل کو موثر طور پر مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات بھی دیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں